مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے نائب وزیر دفاع جنرل حجت اللہ قریشی اور ان کے ہمراہ وفد کا نور خان ایئر بیس پر پاکستان کی وزارت دفاع کے حکام نے استقبال کیا۔
اس دورے کا مقصد سکیورٹی، سرحدی مسائل، فوجی اور تعلیمی وفود کے تبادلے کے شعبوں میں ایران اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانا ہے۔
نائب وزیر دفاع نے ملک میں موجود ایرانی میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور لسانی مشترکات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاکستان کے ساتھ مختلف سطحوں پر اچھے تعلقات ہیں اور ہمارا دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں پاکستانی حکام کے ساتھ اہمیشہ سے قریبی تعاون رہا ہے۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ان شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔
انہوں نے دہشت گرد گروہوں سے نمٹنے کے لیے ایران اور پاکستان کے مشترکہ اقدامات کو یاد کرتے ہوئے مزید کہا: ہمارے درمیان اعلیٰ سطح پر ہم آہنگی موجود ہے اور دونوں ممالک دہشت گردی کے خطرات سے لڑ رہے ہیں۔" انشاء اللہ اس تعاون سے دونوں ممالک کی سرحدیں محفوظ اور مستحکم ہو جائیں گی تاکہ دونوں ممالک اس استحکام سے مستفید ہوں۔
جنرل قریشی نے اگلے ہفتے سے کراچی میں منعقد ہونے والی بین الاقوامی نمائش کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش دونوں ممالک کے درمیان دفاعی، صنعتی اور تکنیکی تعاون کو مضبوط کرنے کا ایک اہم موقع ہے اور دفاعی اور تکنیکی شعبے میں نئی راہیں پیدا کر سکتی ہے اور ہم اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کا ارادہ رکھتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ ہماری کوششیں دونوں ممالک کے درمیان سائنسی اور صنعتی تعلقات کو وسعت دینے کا باعث بنیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص سائنسی اور صنعتی شعبوں میں تعاون پائیدار ترقی اور علاقائی سلامتی کو مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔
آپ کا تبصرہ